کراچی: (دنیانیوز) کراچی کے علاقے گرومندر میں صبح سویرے نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے ۔
ایس پی جمشید ٹاؤن علینہ راجپر کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سیاہ کار کو نشانہ بنایا ، فائرنگ سے کار سوار 2 افراد شدید زخمی ہو کر ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں واجد اورنگزیب اور شان اورنگزیب نامی 2 نوجوان جاں بحق ہوئے ہیں ، جاں بحق ہونے والے ایک معروف آئسکریم شاپ سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایس پی جمشید علینہ راجپر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ متاثرہ گاڑی میں پانچ بھائی سوار تھے، فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق اور دو زخمی ہوئے، پانچواں بھائی محفوظ ہے۔
ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے 17 خول ملے ہیں، زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے کیونکہ کار سواروں کو ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا، کار سوار بھائی عدالت پیشی پر جارہے تھے، ماضی میں بھی ایسا ہی قتل کا ایک واقعہ ہوا تھا،شبہ ہے یہ واقعہ اسی کی کڑی ہے۔
ایس پی علینہ راجپر کاکہنا تھا کہ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے،عینی شاہدین کے بیانات لیے جارہے ہیں، اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی چیک کر رہے ہیں، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
فائرنگ کی فوٹیج دنیانیوز کو موصول
کار پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے حملہ کیا، ملزمان چلتی گاڑی پر گولیاں برساتے رہے، سی سی ٹی وی میں نظر آنیوالے تمام حملہ آور کے چہرے واضح ہیں اور سب نے شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے۔
فوٹیج میں ایک ملزم انتہائی قریب سے فائرنگ کرتا رہا جس سے لگ رہا ہے کہ ملزمان ڈرائیونگ کرنے والے اور ساتھ بیٹھے بھائی کو نشانہ بنانا چاہ رہے ہیں، ملزمان فائرنگ کرکے با آسانی فرار ہوگئے ۔