راولپنڈی : انسانی سمگلنگ ، ویزا فراڈ میں ملوث خواتین سمیت 6 انسانی سمگلرز گرفتار

Published On 08 June,2024 12:20 pm

راولپنڈی : (دنیانیوز) انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، 2 خواتین سمیت 6 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں اعزاز احمد، یثرب طفیل، سہیل ، بلال سلیم اور 2 خواتین ملزمان شامل ہیں، گرفتار ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے۔

ایف آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان کو راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ، ملزم اعزاز احمد نے شہری کو برطانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کیے ، ملزم یثرب طفیل اور سہیل کے خلاف 2 مقدمات اور متعدد انکوائریاں درج ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان نے شہریوں کو دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ، گرفتار ملزم بلال سلیم 4 مقدمات میں مطلوب ہے، ملزم نے دبئی اور ملائیشیا میں ملازمت کے نام پر 17 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ گرفتار 2 خواتین ملزمان کے خلاف بھی ویزا فراڈ سے متعلق متعدد مقدمات درج تھے، ملزمان پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔