کراچی: انجینئر اتقا کو قتل کرنے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

Published On 11 June,2024 02:28 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں انجینئر اتقا کو قتل کرنے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کر کے انجینئر اتقا کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو کراچی سے حراست میں لیا، گرفتار ملزموں کی شناخت نوید احمد اور ظاہر علی کے نام سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے 2 پستول برآمد ہوئے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، چھینی گئی موٹر سائیکل کی برآمدگی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، برآمد شدہ آلہ قتل کی فرانزک رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔

واضح رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سیون میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے مکینیکل انجینئر اتقا کو چلتی موٹر سائیکل سے روکا اور لوٹ مار کے بعد گولی مار دی تھی، ڈکیت فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل بھی لے گئے۔