کراچی میں بغیرتحقیق بھرتیاں رسک بن گئیں، پنجاب کااشتہاری ملزم 14 ماہ سکیورٹی گارڈ بنا رہا

Published On 10 June,2024 02:24 pm

کراچی: (دنیانیوز) کراچی میں سکیورٹی گارڈزکی بغیر تحقیق بھرتیاں سکیورٹی رسک بن گئیں، پنجاب کا اشتہاری و مفرور ملزم 14 ماہ تک کراچی میں سکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا رہا۔

تفتیش کےدوران گلشن اقبال بلاک7 سے گرفتار ملزم وسیم نے اہم انکشافات کیے ہیں ، دنیا نیوز نے ملزم کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا۔

بیان کےمطابق ملزم وسیم 2023 باغبانپورہ میں ناصر کو قتل کرکے فرار ہوا تھا، ملزم مقتول کی بیوی کو لے کر پہلے راولپنڈی پھر کراچی فرار ہوا، وسیم اور فرح کراچی گلشن کے علاقے مدھوگوٹھ میں روپوش تھے۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ کراچی میں قاتل کو بغیر دستاویزات گھر اور نوکری ملی، گلشن مدھو گوٹھ میں 9 ہزار کرایہ پر گھر حاصل کیا، کچھ عرصہ سبزی منڈی میں مزدوری کرنے لگا، مزدوری کے بعد پرائم سکیورٹی نامی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ لگ گیا۔

قاتل وسیم نے بتایا کہ سکیورٹی کمپنی نے مجھ سے کوئی دستاویزات نہیں مانگی، مجھے بغیر کسی تربیت کے سکیورٹی گارڈ بھرتی کرلیا گیا، مجھے شناخت کی ضرورت تھی بڑی مشکل سے اتھارٹی لیٹر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم قتل کر کے کراچی میں روپوش تھا اس لیے پنجاب پولیس تلاش میں آئی، خاتون سمیت ملزم کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔