لاہور: (دنیا نیوز) چلڈرن ہسپتال میں بچے کے لاپتہ ہونے کا واقعہ، پولیس نے سچائی جاننے کیلئے بچی کا ڈی این اے کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
گوجرانوالہ کے رہائشی عرفان نے چلڈرن ہسپتال انتظامیہ پر بچے کی جگہ پر مردہ بچی دینے کا الزام لگایا تھا، پولیس کے مطابق متاثرہ شہری عرفان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کا رہائشی عرفان 4 دن کا بیٹا 3 روز قبل ہسپتال لایا تھا، شہری نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں نے بچے کے انتقال کا بتا کر لاش کسی اور کی بیٹی کی دے دی تھی۔
معاملے کو سلجھانے کیلئے ہسپتال انتظامیہ نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی، جس نے شہری کے الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کی ڈی این اے رپورٹ کے بعد اس کی ولدیت کا پتہ چل جائے گا۔