گھوٹکی: (دنیا نیوز) سندھ کے تین اضلاع میں دو سال سے چلنے والا ساوند اور سندرانی تنازع حل ہو گیا۔
خانگڑھ کے گوہر پیلس میں ایم این اے علی گوہر مہر اور سید خورشید شاہ نے جرگہ بلا کر تنازع حل کیا، دونوں فریقین پر مجموعی طور پر 6 کروڑ 36 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔
جرگے کے مطابق سندرانی قبیلے کے اوپر ساوند برادری کے 13 قتل ثابت ہوئے جس پر سندرانی قبیلے کے اوپر تین کروڑ 21 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ساوند قبیلے کے اوپر سندرانی برادی کے 11 قتل ثابت ہوئے جس کا ساوند برادری پر تین کروڑ 15 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا، جرگے کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے پروفیسر اجمل ساوند کو اسی قبائلی دشمنی میں قتل کر دیا گیا تھا۔
پروفیسر اجمل ساوند اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مہارت رکھتے تھے، انہوں نے فرانس سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔