نوشہرو فیروز: (دنیا نیوز) علاج کیلئے پیسے نہ ہونے پر سنگدل باپ نے 15 دن کی معصوم بچی کو زندہ دفن کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بچی کو زندہ دفنانے کا افسوسناک واقعہ نوشہرو فیروز کے علاقے تھارو شاہ کے نواحی گاؤں میں پیش آیا جہاں علاج کے پیسے نہ ہونے پر والد نے سفاکانہ قدم اٹھاتے ہوئے 15 دن کی بچی کو زندہ ہی دفن کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور والدہ کی نشاندہی پر بچی کی لاش کو نکال کر ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج کر لیا، پولیس کے مطابق بچی کو بغیر کفن کے قبرستان کے بجائے زرعی زمین پر دفن کیا گیا تھا۔
ملزم طیب عرف مچھر راجپر نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بچی میں خون کی کمی کی بیماری تھی، ڈاکٹر نے حیدر آباد جانے کا مشورہ دیا، ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ بچی کا علاج کراتے، معصوم بچی کو بوری میں بند کر کے دفن کیا۔