کراچی: مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمیوں سمیت 4 گرفتار

Published On 08 July,2024 07:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 زخمیوں سمیت 4 کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں 2 مبینہ ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقوں تصویر محل چوکی اور صنعتی ایریا میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 زخمیوں سمیت 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزموں سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل، نقدی اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔

گرفتار ملزموں کی شناخت سیف اللہ، نواز، کاشف اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی، ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، پولیس نے ملزمان کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ادھر پولیس کی جانب سے کراچی میں تھانہ سائٹ کی حدود میں سپر ہائی وے کے علاقے جھنجال گوٹھ اور اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا، داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی، بائیو میٹرک تلاش ڈیوائسز کی مدد سے مشتبہ افراد کی تصدیق کی۔