مستونگ: (دنیا نیوز) نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق اور ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین عبدالمالک بلوچ زخمی ہوگئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر او ٹی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی کمر میں گولی لگی تھی۔
ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین عبدالمالک بلوچ کو طبی امداد دی جارہی ہے، عبدالمالک بلوچ رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر کھڈکوچہ کنڈ عمرانی کے مقام پر فائر نگ کی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہار افسوس
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی رحلت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس و دکھ ہوا، ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے، جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ذاکر بلوچ سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے، خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز کا سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستونگ میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے مستونگ میں فائرنگ کی شدید مذمت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔
محسن نقوی کی مستونگ واقعہ کی شدید مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ڈی سی ذاکر بلوچ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، انہوں نے فائرنگ سے زخمی 2 افراد عبدالمالک اور احمد جان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے، ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔