لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہری کو گاڑی سمیت اغوا کر کے 10 لاکھ تاوان وصول کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اغوا کا واقعہ لاہور کے علاقے سبزہ زار میں پیش آیا، شہری عمار اپنی گاڑی پر جارہا تھا کہ ملزمان نے گاڑی آگے لگا کر اسے روکا، ملزمان نے عمار کی گاڑی کا کنٹرول سنبھالا اور اسے لیکر گھومتے رہے۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے پہلے خود کو سی آئی اے اور پھر ایف آئی اے کے اہلکار ظاہر کیا، ملزمان نے پہلے 50 لاکھ تاوان مانگا نہ دینے کی صورت میں مقابلے میں مارنے کی دھمکی دی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری نے مختلف رشتے داروں سے مختلف پوائنٹس پر رقم منگوا کر ملزمان کو دی، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔