کراچی: (ویب ڈیسک) عدالت نے اے این ایف افسرکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
اینٹی نارکوٹکس کورٹ میں چرس برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی لیاقت علی گبول نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم جیل میں سڑ رہا ہے لیکن مدعی پیش نہیں ہوتا، لیاقت علی گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ حقائق بتاتے ہیں کہ اے این ایف کے سب انسپکٹر نے ملزم اصغر خان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا ہے۔
عدالت نے گواہی کے لئے حاضر نہ ہونے پر انسپکٹر مدثر علی خان کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیئے، عدالت نے وارنٹ گرفتاری فورس کمانڈر اے این ایف کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ گواہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
فاضل عدالت نے مدعی مقدمہ سب انسپکٹر مدثر علی خان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا ہے، استغاثہ کے مطابق مقدمہ سب انسپکٹر مدثر علی خان کی مدعیت میں تھانہ گلشن اقبال اے این ایف میں درج کیا گیا تھا، مدعی مقدمہ مدثر علی خان کے بیان پر جرح ہونا باقی ہے۔
واضح رہے کہ ملزم اصغر خان سے 306 کلو چرس برآمد کی گئی تھی، عدالت نے 30 ستمبر کو گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔