خانپورمہر : (دنیانیوز) اندرون سندھ خانپورمہر میں شوہر نے بیوی کا گلہ دبا کر قتل کردیا ۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ خانپورمہر کے نواحی گاؤں سونو پتافی میں پیش آیا جہاں شوہر امام بخش سومرو نے اپنی بیوی اور 5 بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مسمات گلزاراں سومرو کے قتل کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش کو خانپورمہر شیخ ہمدان بن محمد ہسپتال منتقل کیا۔
مقتولہ کے والد ٹھارو سومرو، بھائی راحب سومرو اور دیگر رشتہ داروں نے خاتون کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہن کو اس کے شوہر امام بخش سومرو نے قتل کیا۔
مقتولہ کے بھائی کاکہنا تھا کہ میری بہن کا شوہر اس پر تشدد کرتا رہتا تھا، جو گلہ دبا کر قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا ہے ، پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش جاری ہے ۔