فیصل آباد: تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں ملزمان کی فائرنگ ، 3 سگے بھائی قتل

Published On 06 January,2025 09:12 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں مسلح افراد نے حملہ کر کے زیر حراست 3 سگے بھائیوں کو قتل کردیا جبکہ ایک ملزم زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق 6ملزمان تھانہ کی عقبی دیوار سے سیڑھیاں لگا کر داخل ہوئےتمام تھانیداروں کے کمروں کو باہر سے کنڈیاں لگائیں اور حوالات میں بند قیدیوں پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے قتل ہونے والوں میں بلال، عثمان اور ناصر شامل ہیں جبکہ زیر حراست آصف نامی ملزم زخمی ہوا، مقتول ملزمان دو افراد کے قتل کیس میں زیر حراست تھے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ مقتول ملزمان کے مخالفین کی جانب سے کی گئی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیکر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن فیصل آباد اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ، مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا۔

پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ مقتولین بلال، عثمان، ناصر اور کزن آصف کو تھانہ سٹی تاندلیانوالہ پولیس نےقتل اور دہشتگردی کے مقدمہ گرفتار کیاتھا۔