ایف آئی اے کی کارروائی، مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار

Published On 02 February,2025 12:20 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزم کی شناخت محمد نواز کے نام سے ہوئی ، ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا ، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا،ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ ضیغم عباس کو سپین بھجوانے کے لئے 49 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا ۔

ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم کی جانب سے متاثرہ شخص کو پہلے پاکستان سے دیگر ممالک کے ذریعے موریطانیہ بھجوایا گیا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ شخص کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے سپین سمگل کرنے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ ضیغم کی موت واقع ہوئی، متاثرہ کا تعلق پھالیہ سے ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایف آئی اے کی ٹیمیں لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔