بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے والے انسانی سمگلرز گرفتار

Published On 06 February,2025 10:47 am

قصور: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دیکر شہریوں سے رقم ہتھیانے والے 5 انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے نے متاثرین کے اہلخانہ کی درخواست پر قصور میں کارروائی کی، انسانی سمگلروں نے چونیاں ، کوٹ رادھا کشن اور رائے ونڈ سے چار افراد کو اٹلی بھجوانے کے 32 لاکھ روپے فی کس وصول کیے تھے ، انسانی سمگلروں نے متاثرین کو اٹلی کے بجائے ایران بھجوا دیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ قصور انسانی سمگلروں نے بعد میں مزید 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا، پیسے نہ دینے پر سمگلروں نے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انگلیاں اور کان کاٹ کر ویڈیو وارثان کو بھیج دی، متاثرہ نوجوان کا تعلق کوٹ رادھا کشن ، چونیاں اور راے ونڈ سے بتایا گیا ہے ۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وارثانِ کی درخواست پر ملزمان کیخلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا تھا ، ملزمان کا تعلق شیخوپورہ اور گوجرانوالہ اور قصور سے بتایا گیا ہے،گرفتار پانچ ملزمان محمد شہزادہ ، محمد اسماعیل ، کاشف، میاں فاروق اور اشتیاق احمد شامل ہیں۔