گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اللہ دتہ رشید، محمد اکرم ، محمد اویس ، محمد ایاز ، طیب سہیل اور انصر خان کے نام سے ہوئی ، گرفتار ملزمان شہریوں کو ملازمتوں کا جھانسہ دے کر سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں نارووال ، سرگودھا اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ، ملزم منظور احمد اور محمد ایاز نے شہری کو رومانیہ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 25 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم طیب نے شہری کو برطانیہ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 30 لاکھ روپے ہتھیائے ، ملزم انصر خان نے شہری کو یو اے ای بھجوانے کے لیے 3 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے جبکہ ملزم اللہ دتہ رشید اور اور محمد اکرم کا نام اشتہاری ملزمان کی فہرست میں شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد اکرام گزشتہ 20 سال سے مفرور تھا جبکہ ملزم اللہ دتہ گزشتہ 6 سال سے مطلوب تھا، ملزم اللہ دتہ نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے ایک لاکھ روپے جبکہ محمد اکرام نے 94 ہزار روپے سے زائد وصول کیے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔