کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اغوا کے بعد قتل کئے گئے مصطفیٰ عامر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
مقتول کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز 6 میں ادا کی گئی، فیصل ایدھی سمیت دیگر شخصیات، مقتول کے ورثا، اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، دوسری جانب مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے، منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزم ساحر حسن نے ارمغان کو منشیات بیچنے کا انکشاف کیا ہے۔
ملزم ساحر نے دوران تفتیش بیان دیاکہ ملزمان ارمغان اور شیراز مجھ سے 15 جنوری کو ادھار پر منشیات خرید کر لے گئے تھے، ارمغان سے میری ملاقات مصطفیٰ عامر کے ذریعے ہوئی تھی، منشیات کولمبیا اور کیلیفورنیا سے پاکستان لائی جاتی ہے، جو شخص اسلام آباد اور لاہور میں منشیات منگواتا ہے اسکا کزن کراچی میں منشیات گھر پر پہنچاتا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق منشیات کا آرڈر ڈارک ویب کے ذریعے اسلام آباد میں موجود شخص دیتا ہے، منشیات فروخت کرنے کا کام دو سال پہلے شروع کیا گیا، ملزم ہر ماہ 6 پاؤنڈ منشیات فروخت کرتا ہے، 6 پاؤنڈ منشیات کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتی ہے۔