گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے سمندر کے راستے شہریوں کو لیبیا اور موریطانیہ سے یورپ بھجوانے والے 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق گرفتار انسانی سمگلرز کی شناخت شفقت علی اور رضوان کنول کے نام سے ہوئی، ملزمان کو پھالیہ اور کھاریاں سے گرفتار کیا گیا، ملزم شفقت علی شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا، ملزم نے شہریوں کو سپین ملازمت کا جھانسہ دے کر 50 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 2 مقدمات درج تھے جس نے شہریوں کو سپین بھجوانے کے بجائے موریطانیہ بھجوایا، ملزم نے شہریوں کو موریطانیہ سے سمندر کے راستے سپین بھجوانے کی کوشش کی، شہریوں نے کشتی کے ذریعے سفر کرنے سے انکار کیا اور پاکستان واپس آ گئے۔
ایک اور کارروائی میں رضوان کنول کو قادر آباد پھالیہ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم رضوان کنول متعدد شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا، ملزم نے شہریوں کو ابتدا میں لیبیا بھجوایا، لیبیا پہنچنے پر ملزم اور اس کے ساتھیوں نے شہریوں کو یرغمال بنا لیا، اس دوران ملزمان شہریوں پر تشدد کرتے رہے اور شہریوں کے خاندان والوں سے تاوان بھی وصول کیا۔
ترجمان ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق ملزمان نے شہریوں کو کشتی کے ذریعے اٹلی بھجوانے کی کوشش بھی کی، ملزم کمپوزٹ سرکل گجرات کو 4 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کیخلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔