کراچی: (دنیا نیوز) راولپنڈی سے گاڑی خریدنے آنے والے نوجوان کو دوستوں نے پیسوں کی لالچ میں قتل کردیا۔
تھانہ ڈیفنس پولیس نے مقتول محمد مصطفیٰ کے والد محمد کوثر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق 14 فروری کو مقتول محمد مصطفی ٰاپنے دو دوستوں مجاہد خان اور عبید خان کے ہمراہ کراچی آیا تھا، مقتول محمد مصطفیٰ راولپنڈی سے کراچی گاڑی خریدنے کےلئے 70 لاکھ روپے کی رقم لے کر آیا تھا۔
مقتول کے والد نے ایف آئی آر میں لکھوایا کہ 18 فروری کو جب مصطفیٰ سے رابطہ نہیں ہوا تو اس کے دوستوں سے رابطہ کیا گیا، مجاہد خان نے پہلے ٹال مٹول سے کام لیا پھر کہا مصطفیٰ سو رہا ہے، معاملہ مشکوک جان کر اپنے عزیز علی کو گیسٹ ہاؤس پر بھیجا، جہاں پتہ چلا کہ میرے بیٹے کو کنپٹی پر گولی لگی ہے۔
ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا کہ ملزم عبید خان 70 لاکھ روپے ، پستول اور گاڑی لے کر فرار ہوگیا تھا، فرار ملزم کے ساتھی مجاہد خان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، مقتول کی لاش 18 فروری کو ڈیفنس کے ایک گیسٹ ہاؤس کے کمرے سے ملی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، فرار ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔