فیصل آباد: (دنیا نیوز) جڑانوالہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
افسوسناک واقعہ جڑانوالہ میں ستیانہ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، فائرنگ سے گاڑی میں سوار 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ منتقل کردیا گیاجہاں ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق مخالفین کی جانب سے سابقہ دشمنی کی بناء پر گاڑی پر فائرنگ کی گئی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔