کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ: شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والا ملزم مارا گیا

Published On 30 April,2025 07:00 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والا ملزم مارا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم قاسم ڈیفنس کے علاقے میں عیدالفطر کے تیسرے روز ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری شاکر سلطان کو قتل کرنے میں ملوث تھا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کے پاس موجود ہے، جس میں ملزم کو واردات کے دوران شہری پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ دل دہلا دینے والے اس واقعہ میں مقتول کو اس کے کمسن بیٹے کے سامنے گولیاں ماری گئی تھیں، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔