کراچی: (دنیا نیوز) مصطفی عامر قتل کیس میں ملزم شیراز نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا، انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزم شیراز کا بیان عبوری چالان میں شامل کر لیا گیا۔
شیراز کے مطابق ارمغان عرف آرمی نے مصطفیٰ عامر کو ہاتھ باندھ کر اسی کی گاڑی میں ڈالا، ارمغان عرف آرمی گاڑی خود ڈرائیو کرکے حب بلوچستان تک لے آیا، 3 گھنٹے ڈرائیو کرکے روڈ سے کچے میں گاڑی اتاری، ارمغان عرف آرمی نے گاڑی پر پٹرول چھڑکا اور آگ لگا دی۔
ملزم شیراز نے مزید بتایا کہ واپسی پر ڈیڑھ گھنٹہ پیدل چلنے کے بعد ہوٹل پہنچے، صبح پتہ چلا کہ گاڑی نہیں آئے گی، سوزوکی والے کو 2 ہزار روپے دیکر کراچی واپس پہنچے۔
عبوری چالان کے مطابق ناردرن بائی پاس ہمدرد موڑ کے رینجرز کی چوکی پر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی فوٹیج ریکارڈ ہوئی، ملزمان ارمغان عرف آرمی اور شیراز نے جائے وقوعہ کی نشاندہی بھی کروائی۔
ملزمان نے جس ہوٹل پر ناشتہ کیا اس کے ویٹر کا بیان بھی لیا گیا، مقتول کی لاش سے حاصل ڈی این اے کو میچ کرکے مقتول کی شناخت کی گئی، ملزم ارمغان کے ذاتی استعمال کے لیپ ٹاپ کو فرانزک کے لئے بھیجا ہے، ملزم کی نشاندہی پر زیر استعمال موبائل فون بھی برآمد کیا ہے۔