کراچی: پکڑے جانے کا خوف، 5 افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کرنیوالے ڈاکو نے خودکشی کرلی

Published On 12 May,2025 01:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں پکڑے جانے کے خوف سے 5 افراد کو زخمی کرنے والے ڈاکو نے گولی مار کر زندگی ختم کر لی۔

واقعہ جناح ہسپتال بچہ وارڈ کے سامنے ہوٹل پر پیش آیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو اور پانچوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ عمران ولد عبدالرشید جبکہ زخمیوں کی 25 سالہ کلیم ولد محمد صادق، 27 سالہ ابوبکر ولد مہراب خان، 20 سالہ ہارون ولد عبدالطیف اور 35 سالہ افضل ولد عقیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ایک زخمی کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔

واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، ہوٹل ملازمین کے مطابق واقعہ کے وقت ایک ملزم آیا اس نے پستول نکال کر سب سے پہلے چائے بنانے والے پر فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گیا۔

ملزم نے ہوٹل میں بیٹھے تین افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کیا جس کے بعد ملزم ہوٹل کے مکان پر چلا گیا جہاں دو ملازمین ہارون اور اکبر سو رہے تھے ملزم نے انہیں بھی فائرنگ کر کے زخمی کیا اور پھر واپسی کے لئے پلٹا تو اس نے دیکھا کہ عوام اکھٹی ہوگئی ہے جس پر ملزم نے اپنے آپ کو گولی مار لی۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔