کراچی: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر ویزا حاصل کرنے میں ملوث دو ملزم پکڑ لئے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ امریکی ویزا کے حصول کے لئے جعلی میڈیکل دستاویزات فراہم کرنے والے دونوں ملزموں کو حراست میں لیا گیا، اوران ملزموں کو امریکی قونصل خانے کی شکایت پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں ملزموں کو امریکی قونصل خانے کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق عقیل نامی ایجنٹ نے ملزم توصیف سے امریکی ویزے کے حصول کے لئے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کئے جبکہ ملزم عمران نذیر نے تبسم ضیا نامی ایجنٹ سے ویزے کے حصول کے لئے 25 لاکھ روپے میں معاملات طے کئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکی قونصل خانے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم گرفتار ملزموں کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزموں کی نشاندہی پر مذکورہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔