کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں رینجرز اور پولیس کی انٹیلی جنس معلومات پر مشترکہ کارروائی میں کالعدم بلوچ تنظیم کا سہولت کار گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ لیاری میں کارروائی کے دوران ملزم درویش عرف ساگر سے اسلحہ، گولیاں اور دستی بم بھی برآمد ہوئے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کالعدم تنظیم کے کارندوں کی سہولت کاری میں ملوث رہا۔
ملزم درویش نے بلوچ لاپتہ افراد کی سرگرم رکن حیام بلوچ کا فرنٹ مین ہونے کا اعتراف کر لیا، حیام بلوچ کے ساتھ مل کر خودکش حملہ آور خاتون ماہل بلوچ کی ذہن سازی اور سہولت کاری میں بھی ملوث رہا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم درویش بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا علاج معالجہ کروانے اور محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے میں بھی ملوث رہا، حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم وصول کر کے مختلف بلوچ دہشت گرد تنظیموں کو تقسیم کرتا تھا۔
سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کو اسلحہ بارود سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔