رحیم یارخان پولیس کا کچے میں آپریشن، ڈاکوؤں کی پناہ گاہیں تباہ، 2 افراد گرفتار

Published On 20 May,2025 09:45 pm

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں پولیس نے کچہ کے علاقہ کچہ راضی میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق پولیس نے آپریشن کچہ کے خطرناک میرا لٹھانی گینگ کے خلاف کیا، آپریشن کے دوران پولیس نے کچہ کے خطرناک ڈاکو و اغواء کار میرا لٹھانی، خان بیگ لٹھانی، سائیں داد لٹھانی، فدا لٹھانی اور مودی لٹھانی کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

پولیس کو آپریشن کے دوران بکتر بند گاڑیوں، ڈرون، جدید اسلحہ پولیس و ایلیٹ کمانڈوز کی بھاری نفری کی مدد حاصل تھی، پولیس نے میرا لٹھانی گینگ کی متعدد کمین گاہیں نذرآتش اور مسمار کر دیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نے آپریشن کے دوران دو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے، کچہ میں آپریشن عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ کچہ کو کریمنلز سے پاک کرنا مشن ہے، کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں گی۔