کوئٹہ: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر سکولز کے اکاؤنٹس میں 6 ارب 40 کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
بے قاعدگیاں 22-2017 کے دوران پانچ سالہ سپیشل آڈٹ میں سامنے آئیں، دستاویزات کے مطابق 5 برسوں میں 90 لاکھ کتب طلبا میں تقسیم ہی نہیں کی گئیں۔
بغیر منظوری کے کتابوں کی چھپائی کی مد میں دو ارب 59 کروڑ 61لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، ایک ارب 11 کروڑ 48 لاکھ روپے کا ریکارڈ آڈ ٹ ٹیم کو مہیا ہی نہیں کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق قواعد وضوابط کے بغیر خریداری سے خزانے کو ایک ارب 83 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
ای ایم آئی ایس منصوبے میں سست روی سے 42 کروڑ 26 لاکھ روپے استعمال نہیں ہوئے، ڈائریکٹریٹ میں منظور شدہ آسامیوں سے 366 اضافی عملے کی تعیناتی کا بھی انکشاف ہوا۔
5 سالہ سپیشل آڈٹ رپورٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کردی گئی، رپورٹ مزید تحقیقات کیلئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دی گئی۔