جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش ناکام،4 مسافر ایئرپورٹ پر پکڑے گئے

Published On 01 June,2025 12:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش کرنے والے چار مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر پکڑے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 4 مسافر آف لوڈ کر دیے۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں، آف لوڈ کیے گئے مسافر آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق جہلم سے ہے، مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے اقامتی کارڈ جعلی نکلے۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا، معلوم ہوا کہ مسافروں نے سوشل میڈیا پر ایجنٹ کا اشتہار دیکھ کر اس سے رابطہ کیا تھا اور جعلی کاغذات بنوائے تھے۔

ایف آئی اے نے ملازمت کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایجنٹس آن لائن اشتہارات کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں، اس لیے ان سے ہوشیار رہیں۔