اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ضیا مسجد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے عملے کی جانب سے ریڑھی ضبط کیے جانے کے چند منٹ بعد ایک دکاندار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین، لواحقین اور دیگر دکانداروں کے مطابق سی ڈی اے نے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ منظور احمد سمیت متعدد افراد کی ریڑھیاں ضبط کی گئیں۔
اہل خانہ نے بتایا کہ آپریشن کے وقت منظور احمد خود موقع پر موجود نہیں تھے بلکہ ان کا بھتیجا جلال چاول فروخت کر رہا تھا۔
دوسرے دکانداروں نے منظور احمد کو فون کرکے اطلاع دی کہ ان کی ریڑھی کو سی ڈی اے کا عملہ ضبط کر رہا ہے، یہ خبر ملنے پر منظور احمد فوراً موقع پر پہنچے لیکن تب تک سی ڈی اے کا عملہ ان کا سامان ٹرک میں منتقل کرچکا تھا۔
اسی موقع پر منظور احمد کو دل کا دورہ پڑا، وہ زمین پر گر گئے اور جب انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
منظور احمد کے بھتیجے جلال نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے چچا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اور خاندان اس معاملے میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔