جماعت اسلامی کے وفد کا الیکشن کمیشن کا دورہ،انتخابی عمل بارے بریفنگ لی

Published On 27 May,2025 05:43 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا دورہ کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وفد کا استقبال کیا اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین (EVM)بائیو میٹرک ویریفکیشن مشین (BVM)، انتخابات میں متناسب نمائندگی کے نظام اور پنجاب، اسلا م آباد میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات میں تاخیر پر بریفنگ دی ۔

جماعت اسلامی کے وفد کومتناسب نمائندگی پربھی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں وفد کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری آئین و قانون کے مطابق الیکشن کا انعقاد کروانا ہے الیکٹرول سسٹم کی تبدیلی پارلیمنٹ کا اختیار ہے لہٰذا اگر آئین میں، قانون میں الیکٹرول سسٹم تبدیل کیا گیا تو ا لیکشن کمیشن اس کے مطابق الیکشن کروائے گا۔

سیکرٹری ای سی پی کا کہنا تھا کہ الیکشنز ایکٹ 2017ء کی سیکشن 219کے تحت الیکشن کمیشن کو پابند کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن مروجہ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت انتخابات کروائے گا، اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی وجہ پچھلی حکومتوں نے کئی دفعہ لوکل گورنمنٹ قوانین میں ترامیم کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا الیکشن کمیشن جب بھی حلقہ بندی مکمل کر تا ہے تو لوکل گورنمنٹ قوانین میں تبدیلی کر دی جاتی ہے، الیکشن کمیشن اس وقت تک پنجاب میں چار دفعہ حلقہ بندی کر چکا ہے، پنجاب کے انتخابات کیلئے اپریل 2022 میں الیکشن پروگرام کا اعلان کیا گیا۔