اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق نواحی علاقے 42 جی ڈی کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کررہے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ڈاکووں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر 02 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پائے گئے، زخمی ڈاکووں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران مزید 02 ڈاکوؤں کو تعاقب کر کے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 03 فرار ڈاکوؤں کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، گرفتار ڈاکو سنگین مقدمات کے اشتہاری اور 17 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔