کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے والے ایک اور شخص کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا جس کے بعد اب اس کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں یہ ملزم بھی نوجوان پر تشدد کرتے نظر آرہا ہے، اس ملزم کو فوٹیج کی مدد سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہری پر تشدد کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو کل ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، یکم جون کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے خیابان اتحاد کمرشل میں کار سوار نے موٹرسائیکل سوار پر تشدد کیا تھا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص بہنوں کے ساتھ جا رہا تھا، موٹرسائیکل سے کار کو ٹکر لگی جس کے بعد کار سوار شخص نے موٹرسائیکل سوار شخص پر تشدد کیا۔