اے این ایف کی کارروائیاں، 4 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

Published On 03 June,2025 09:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق 6 مختلف کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار کر کے 4 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 232.478 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض روانہ ہونے والے مسافر کے پیٹ سے 55 گرام وزنی کوکین بھرا کیپسول برآمد ہوا جبکہ سیالکوٹ میں کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 24 کلو چرس اور 1200 نشہ آور گولیاں ملی ہیں۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون کے قبضے سے 7.2 کلو چرس برآمد ہوئی، راولپنڈی کے قریب ملزم کے قبضے سے 184 گرام وزنی 35 ایکسٹیسی گولیاں پکڑی گئیں۔

اس کے علاوہ شوگر موڑ فیصل آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 1 کلوگرام چرس جبکہ چاغی کے غیر آباد علاقے توزگئی میں سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 200 کلوافیون برآمد کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔