بنوں: (دنیا نیوز) بنوں میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہل کار کو شہید کر دیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں افسوسناک واقعہ ترنگ قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہل کار کو قتل کر دیا، جاں بحق اہل کار کی شناخت ابرار خان کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکار بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا، فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے اہلکار کی نعش قبضے میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کی، واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔