ارمغان کال سینٹر کیس: عدالت کاچالان پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی

Published On 31 May,2025 01:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) غیرقانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کے خلاف چالان جمع نہ کروانے پر جوڈیشل میجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ملزم ارمغان جو اس سے قبل مصطفیٰ قتل کیس میں بھی نامزد ہے پر غیرقانونی طریقے سے کال سینٹر چلانے کا مقدمہ درج ہے، کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے تاہم چالان جمع نہ ہونے پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک چالان کیوں پیش نہیں کیا جا سکا؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کچھ وقت درکار ہے، جلد چالان عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اتنا عرصہ گزر چکا ہے، ابھی تک تفتیش مکمل کیوں نہیں ہو سکی؟ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس سے متعلق کچھ مطلوبہ ریکارڈ اب تک موصول نہیں ہوا جس کی وجہ سے چالان تاخیر کا شکار ہوا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تنبیہ کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت چالان پیش کیا جائے اور عدالت نے ساتھ ہی کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔