راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں جمعرات کو گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہونے والی کم سن بچی کی لاش گندے نالے سے مل گئی۔
پولیس کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر ایک لڑکے نے قتل کیا جو اس کا قریبی عزیز ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک سالہ مریم رتہ امرال کے محلہ قاضیان میں اپنے گھر کے باہر دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اچانک لاپتہ ہو گئی۔
بچی کی گمشدگی کے بعد اس کے والدین نے خود سے تلاش شروع کی لیکن جب کوئی سراغ نہ ملا تو اس کی دادی مسرت بی بی نے پولیس سے رابطہ کیا اور مقدمہ درج کروایا۔
تلاش کے دوران بچی کی لاش دھوک رتہ کے مرکزی گندے نالے سے ملی، مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی۔
بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت اذان سلطان کے نام سے ہوئی، اس کی عمر 10 سال اور 6 ماہ ہے اور وہ اسی گھر میں رہائش پذیر تھا، مقامی عدالت نے ملزم بچے کو پروٹیکشن بیورو منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے بچی کو اٹھایا اور اس کا سر گندے نالے کے پانی میں ڈال دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی، تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے بیان دیا کہ ’مجھے وہ اچھی نہیں لگتی تھی‘۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم تک پہنچا گیا جس میں اسے بچی کو گلی سے اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے والدین کے حوالے کر دی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ بچی کے والد کنٹونمنٹ بورڈ میں ملازم ہیں جبکہ ملزم کا والد منشیات کا عادی ہے اور اس کی والدہ اسے چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر جا چکی ہیں۔