کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں گھر سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے۔
واقعہ منگھو پیر تھانے کے علاقے دین محمد گوٹھ میں پیش آیا، شہری کو وحشیانہ تشدد کرکے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ مقتول لاش قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد ایوب لاشاری کے نام سے ہوئی ہے جس کو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد شیشے (آئینہ) کی مدد سے گلے پر وار کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول اپنے حقیقی بھائی کے گھر رہاش پذیر تھا اور مقتول نے اپنے حقیقی بھائی کی ساس سے دوسری شادی کی تھی اور ساس کا بیٹا بھی مبینہ طور پر اسی گھر میں مقیم تھا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مقتول کا بھائی 12 جولائی کو بھائی کی پہلی بیوی کو چھوڑنے کے لئے گاؤں گیا ہوا تھا، واپس اپنے گھر پہنچا تو بھائی کی دوسری بیوی لاپتہ، بھائی کی اپنی بیوی اور سالہ غائب تھے جبکہ بھائی کی گلا کٹی لاش پڑی ہوئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول محمد ایوب کے قتل میں اس کی دوسری بیوی لال دینی، اس کا سابق شوہر گل محمد، بیٹا رابیل اور بیٹی زاہدہ جو کہ مقتول کے بھائی کی بیوی بھی ہے وہ ملوث ہیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک ڈنڈا اور شیشے کے ٹکڑے ملے ہیں جس سے مقتول کا گلا کاٹا گیا۔
پولیس نے تمام شواہد اکٹھے کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی اور قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔