کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کسٹمز کے اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن کی جانب سے کراچی اور کوئٹہ کے بارڈر چیک پوسٹس کے قریب مختلف کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران بڑی مقدار میں سمگل شدہ چھالیہ برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق پہلی کارروائی میں 1710 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوا جس کی مالیت تقریباً 6.3 ملین روپے ہے، دوسری کارروائی میں 3900 کلوگرام کچلی چھالیہ برآمد کیا گیا جس کی مالیت 8.1 ملین روپے بتائی گئی ہے جبکہ تیسری کارروائی میں 2940 کلوگرام چھالیہ برآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 12.2 ملین روپے ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق مجموعی طور پر 26.6 ملین روپے مالیت کا سمگل شدہ چھالیہ ضبط کیا گیا ہے جسے مزید کارروائی کے لیے اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن کے گودام منتقل کر دیا گیا ہے، سمگلنگ کے خلاف ملک گیر مہم کے تحت مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔