اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بدعنوانی اور سرکاری فنڈز میں خورد برد میں ملوث 3 سرکاری افسران کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے اسلام آباد میں اہم کارروائی کے دوران بدعنوانی، سرکاری فنڈز میں خورد برد کے الزام میں 3 سرکاری افسران معراج آفریدی، محمود عرفان قریشی اور ملزم نعیم اختر کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق معراج آفریدی اور محمود قریشی پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر تعینات تھے جب کہ ملزم نعیم اختر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی میں سب انجنئیر تھا۔
ایف آئی اے حکام نے گرفتار ملزمان کو حراست میں لے کر اینٹی کرپشن سرکل منتقل کر دیا، مقدمے کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا، جس کے بعد مقدمے کی تفتیش آگے بڑھائی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، ملزمان موضع تھلہ سیداں جی 14 کے سب سیکٹرز کے سپلیمنٹری ایوارڈ آف بلٹ اپ پراپرٹیز میں جعل سازی اور کرپشن میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر اصل مالکان کو دیے جانے والے بی یو پیز کے ساتھ ساتھ 5 بی یو پیز پر غیر قانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو شریک مالک ظاہر کیا، پرائیویٹ افراد نےجعلی کوائف کی بنیاد پر رقم اور پلاٹس حاصل کیے۔