کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں پولیس مقابلوں کے دوران 2زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پہلا مقابلہ مومن آباد میں ہوا، پولیس نے ایرانی کیمپ کٹی پہاڑی کے قریب ایک ڈاکو گل محمد کو زخمی حالت میں اس کے ساتھی عرفان سمیت گرفتار کرلیا، ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، 4 موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
پولیس نے حراست میں لئے گئے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لئے ہسپتال جبکہ اس کے ساتھی کو تفتیش کے تھانے منتقل کر دیا۔
ملیر سٹی پولیس نے شاہراہ بھٹو پر شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت شاہجہاں ولد شوکت کے نام سے کی گئی جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جسے پولیس تلاش کر رہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے زخمی ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے حراست میں لئے گئے ڈاکوؤں کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی۔