کراچی میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار، شہریوں کو سڑک پر مرغا بنا دیا

Published On 26 August,2025 11:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد شہریوں کو سڑک پر مرغا بنا دیا، شہریوں پر بدترین تشدد بھی کرتے رہے۔

کراچی کے علاقے تھانہ رضویہ کی حدود میں پولیس سوئی رہی، آلٹو کار میں سوار چار ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کرتے رہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو روکا، پیچھے بیٹھا نوجوان بائیک سے اتر کر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈاکوؤں نے آگے بیٹھے نوجوان علی حسین سے موبائل فون، پیسے اور موٹر سائیکل چھینی، ملزمان نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ مرغا بھی بنا دیا۔

صبح ڈاکوؤں نے تین سے چار موٹر سائیکل سواروں کو لوٹا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، رضویہ کے علاقے میں قائم پان کی دکان پر بھی لوٹ مار کی، تین ملزمان آلٹو کار جبکہ ایک موٹر سائیکل پر فرار ہوا۔

متاثرہ شہری نے بتایا کہ واردات کے بعد آدھے گھنٹے تک 15 کو کال کرتے رہے لیکن پولیس نہ پہنچی، تھانہ رضویہ شکایت درج کروانے گئے لیکن پولیس نے کان نہ دھرے، تھانے میں موجود عملہ وقوعہ پر گیا نہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے کوشش کی۔