ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) پولیس پر فائرنگ کرنے والا ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزموں پر فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی ملزم کی شناخت وقاص انجم عرف کاشی کے نام سے ہوئی، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، گرفتار ملزم ننکانہ اور لاہور کے مختلف تھانوں میں رابری اور موٹر سائیکل چوری سمیت 30 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایاکہ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امدادی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھی کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی۔