امیر بالاج قتل کیس میں بڑی پیشرفت، نامزد ملزم گوگی بٹ جے آئی ٹی کے سامنے پیش

Published On 27 August,2025 07:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر بالاج قتل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم گوگی بٹ عرف خواجہ عقیل جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق گوگی بٹ ایس پی صدر انویسٹی گیشن معظم علی کی سربراہی میں بنائی گئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا۔

خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ اور دیگر ممبران نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ سے کیس کی تفتیش کے متعلق سوال کئے۔

جے آئی ٹی ممبران نے بالاج ٹیپو خاندان سے سابق دشمنی کے بارے میں بھی سوالات کئے، خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ ایک روز قبل سی سی پی او کے سامنے پیش ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور نے گوگی بٹ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ عبوری ضمانت کروانے کے بعد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا۔

بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش جے آئی ٹی کر رہی ہے، جے آئی ٹی ایس پی صدر معظم علی کی سربراہی میں بنائی گئی تھی، دیگر ممبران میں ڈی ایس پی چوہنگ ،ڈی ایس پی رائے ونڈ اور تین تھانوں کے انچارج انویسٹی گیشن شامل ہیں۔