محمود بوٹی ٹول پلازہ پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والا سب انسپکٹر معطل

Published On 08 August,2025 11:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی موٹروے پولیس نے سخت ایکشن نے محمود بوٹی ٹول پلازہ پر نوجوان کو تشدد کرنے والے سب انسپکٹر کو معطل کر دیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق گزشتہ روز محمود بوٹی ٹول پلازہ پر ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

ٹول پلازہ پر کچھ افراد کھانے پینے کی اشیا بیچ رہے تھے، موٹروے پولیس کو دیکھ کر ان افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، جس میں سے ایک شخص کو گرفتار کر کے موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نے تھپڑوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق واقعہ کا علم ہوتے ہی سب انسپکٹر کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری کا اغاز کر دیا گیا ہے۔

آئی جی موٹروے بی اے ناصر نے کہا کہ موٹروے پولیس اپنی خوش اخلاقی و شائستگی کی وجہ سے جانی جاتی ہے، موٹروے پولیس میں اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ اس واقعہ کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور ملوث افسر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔