پنجاب میں 66 ہزار قیدیوں کے کھانے اور چائے پر اخراجات کی تفصیلات سامنے آ گئیں

Published On 26 July,2025 05:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں 66 ہزار قیدیوں کے کھانے اور چائے پر اخراجات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی جیلوں میں 9 ہزار 8 سو سمیت صوبہ بھر کے 66 ہزار قیدیوں کے کھانے کا جیلوں کے بجٹ پر سالانہ 6 ارب کا بوجھ پڑتا ہے۔

قیدیوں پر کھانے کے بعد چائے کی مد میں سالانہ 68 کروڑ روپے خرچ آتا ہے، قیدیوں کی چائے کے لئے ڈبے کا دودھ 57 کروڑ 45لاکھ اور چائے کی پتی 8 کروڑ 12 لاکھ اور چینی کے لئے اڑھائی کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق لاہور کی جیلوں میں 25 کروڑ کی چائے قیدیوں کے لئے تیار ہوگی، لاہور کی جیلوں میں دودھ 7 لاکھ 33 ہزار لٹر جبکہ پنجاب بھر کی جیلوں میں 20 لاکھ 32 ہزار لٹر خریدا جائےگا۔

چائے کی پتی لاہور کی جیلوں کے لئے 17 ہزار 7سو جبکہ پنجاب بھر کی جیلوں کے لئے 49 ہزار کلو خریدی جائے گی۔

جیل حکام کے مطابق رواں مالی سال میں چائے پر گزشتہ مالی سال کی نسبت دس کروڑ اضافی خرچ ہونگے، دودھ، پتی اور چینی کی خریداری کے لئے ٹینڈر کے ذریعے کنٹریکٹ جاری کئے گئے ہیں۔