کچہ کے 5 خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

Published On 19 July,2025 06:46 pm

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) کچہ کے پانچ خطرناک ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا، ڈاکوؤں کا تعلق لٹھانی، دنوانی، دشتی اور سکھانی گروہوں سے ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا، سرنڈر ہونے والے ڈاکوؤں میں عبدالحکیم لٹھانی ، دادلہ دنوانی ، نوخلف دشتی ، امین دشتی اور شائق سکھانی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس کی کامیابی: کچا ڈکیت گینگ نے چھینے گئے جانوروں سمیت ہتھیار ڈال دیئے

پولیس ترجمان نے بتایا کہ سرنڈر ہونے والے ڈاکو پولیس مقابلوں، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے، سرنڈر ڈاکوؤں کا تعلق کچہ کے علاقوں چکر بوٹ راجن پور، روجھان، بخشہ آباد ، کچہ راضی اور گڑھی خیر محمد جھک سے ہے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ پولیس کے سامنے پیش ہونے والوں کو بہتر زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے گا، پولیس کے سامنے پیش ہونے والے عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔