پنجاب پولیس رحیم یار خان کا کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال، ٹھکانے تباہ

Published On 03 September,2025 06:23 pm

رحیم یارخان: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا۔

رحیم یار خان پولیس کے کچہ رونتی میں سرپرائز ڈرون حملے میں ڈاکوؤں کی کئی پناہ گاہیں اور ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے، ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ کریمنلز کی طرف سے یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، ڈی پی او رحیم یار خان کی قیادت میں جزیرہ نما علاقے میں ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا کہ کچہ کریمنلز کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈاکوؤں کے تعاقب میں ہیں، گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس سیلاب زدگان کی امداد کے ساتھ کریمنلز کے خلاف بھی پوری طاقت سے نبردآزما ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے ساتھ کریمنلز کے خاتمے کیلئے بھی ڈرون ٹیکنالوجی استعمال میں لا رہے ہیں۔