خون سفید! عارف والا میں معمولی جھگڑے پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل

Published On 06 November,2025 09:17 am

عارف والا: (دنیا نیوز) عارف والا کے گاؤں 205 ای بی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں معمولی تکرار پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کی جان لے لی۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران ملزم شہزاد اکرم نے قینچی کے وار کر کے اپنے بھائی جاوید اکرم کو شدید زخمی کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم شہزاد اکرم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان گھریلو نوعیت کا معمولی تنازع تھا جو افسوسناک انجام تک پہنچ گیا۔