کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد چار زخمیوں سمیت سات ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
سٹیل ٹاؤن پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر لیا جبکہ ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے مین کامیاب ہو گیا۔
منگھو پیر کے مقابلے میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈکیت گینگ کے دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
گرفتار ملزمان اور فرار ساتھی راہگیر تاجر سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزمان کا کرمنل رکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ادھر قائد آباد پولیس کا لانڈھی مجید کالونی چشتیہ قبرستان کے قریب ملزمان سے مقابلہ ہوا جس کے بعد ایک ملزم کو پولیس زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے جبکہ ملزم کے دیگر دو ساتھی فرار ہو گئے۔
ناظم آباد پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد کر لئے، گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر لئے گئے۔



