خیبرپختونخوا: منشیات کے بین الصوبائی نیٹ ورک سے بھاری مقدار میں چرس برآمد

Published On 05 November,2025 12:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے خیبر پختونخوا میں منشیات کے بین الصوبائی نیٹ ورک کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق خیبر پختونخوا ریجنل ڈائریکٹوریٹ کو مصدقہ انٹیلی جنس اطلاع ملی تھی کہ منشیات کی ایک بڑی کھیپ ڈسٹرکٹ خیبر کی ایک ڈمپنگ سائٹ پر پتھریلی چٹانوں میں چھپائی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق یہ منشیات باڑہ کے بدنام زمانہ ڈی ٹی او گروہ کی تھیں جو آفریدی قبیلے کے معروف منشیات سمگلروں پر مشتمل ہے، سمگلرز رات کی تاریکی میں یہ منشیات پنجاب منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اے این ایف ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقام پر چھاپہ مارا اور 144 کلوگرام چرس برآمد کر لی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔